کپتان آج قومی اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم کی تقریر کا جواب دینگے

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان متحدہ اپوزیشن کے بائیکاٹ کی وجہ سے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب نہیں کر سکے تھے۔ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد عمران خان نے آج کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان اپنی تقریر میں نہ صرف وزیر اعظم کے خطاب پر ردعمل دیں گے بلکہ خود پر لگائے گئے الزامات کی بھی وضاحت کریں گے۔ عمران خان اپنی اور وزیر اعظم کے اہل خانہ کی آف شور کمپنیوں کا موازنہ بھی کریں گے۔ عمران خان اپنے خطاب میں کیا کہیں گے، کونسی دستاویزات دکھائیں گے۔

کچھ تو اپنی صفائی دیں گے، کچھ حکمرانوں کے معاملات سے بھی پردہ اٹھائیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین اپنی ٹیکس ریٹرن اور اثاثہ جات کی تفصیلات بھی ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ قومی اسمبلی کو اپنی آف شور کمپنی اور فلیٹ کی فروخت بارے بھی آگاہ کریں گے۔

یہی نہیں، کپتان شریف فیملی کی آف شور کمپنیوں کے کاغذات بھی ایوان کو دکھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، وہ ایسی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات بھی سامنے لائیں گے جن سے شریف فیملی کے ممبران کا بلاواسطہ تعلق ہے۔

شریف فیملی کے کس ممبر کی زیر ملکیت کمپنی کی کیا حقیقت ہے، عمران خان اس پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ کپتان نیسکول لمیٹیڈ اور نیلسن انٹرپرائزز نامی آف شور کمپنیوں کی رجسٹریشن کے کاغذات بھی اسمبلی میں لائیں گے۔