لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ لاڑکانہ میں آج بھی درجہ حرارت اکیاون درجے تک پہنچ گیا۔ سکھر میں پارے کی ففٹی ہوئی تو حیدر آباد میں انچاس کے ہندسے کو چھو لیا۔
دادو، جیکب آباد، موہنجودڑو سمیت اندرون سندھ بھی گرمی نے شہریوں کے کڑاکے نکال دیئے۔ لاہور سمیت پنجاب بھی آسمان سے برستی آگ میں جھلستا رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں سال کا گرم ترین دن رہا۔ چھیالیس درجے کی گرمی نے شہریوں کو دن میں ہی تارے دکھا دیئے۔
ملتان میں چھیالیس، فیصل آباد میں پینتالیس، بہاولپور میں پینتالیس اور ساہیوال میں چوالیس درجے گرمی پڑی۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں شدید گرمی کی لہر مزید دو روز جاری رہے گی۔
بارش کا بھی کوئی امکان نہیں۔ موسم کی شدت کے پیش نظر طبی ماہرین شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے اور خود کو گرمی سے بچانے کا مشورہ دیا ہے۔