مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، بائیزئی سب ڈویژن خلو ڈاگ مدرسہ میں دستار بندی کی عظیم الشان تقریب۔ کوڈا خیل اور فقیر آباد میں 2 مدارس کا افتتاح۔ جید علمائے کرام شیخ الحدیث مولانا عبدالحلیم دیر باباجی صاحب، مفتی غلام قادر صاحب، مولانا فضل معبود سمیت اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ پیر عبداللہ شاہ، ونگ کمانڈرز لیفٹیننٹ کرنل فیصل اظہر رانا، لیفٹیننٹ کرنل امتیاز خان کی شرکت۔ مدارس دہشت گردی کی نہیں، امن اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ مقررین کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی بائیزئی سب ڈویژن کے تحصیل خویزئی خلو ڈاگ مدرسہ میں پولیٹیکل انتظامیہ اور مہمند سپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دستار بندی کی ایک عظیم الشان تقریب منعقدہوئی۔ جسمیں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ بائیزئی سب ڈویژن پیر عبداللہ شاہ ، مہمند رائفلز 204 ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل فیصل اظہر رانا، 201 ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل امتیاز خان، ایجنسی سپورٹس منیجر سعیداختر ، سابقہ سنیٹر حاجی عبدالرحمن فقیر، ملک نادر منان، ملک حاجی احمد خویزئی کے علاوہ مختلف علاقوں کے علمائے کرام، دینی مدارس کے طلباء اور مقامی لوگوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
دستار بندی کے مہمان خصوصی مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مدرس شیخ الحدیث مولانا عبدالحلیم المعروف دیر بابا جی صاحب، مفتی غلام قادر، مولانا فضل معبود خلو ڈاگ اور مولانا بسم اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اور دینی علوم کے طالب علم دہشت گردی کی نہیں بلکہ امن، محبت اور اسلامی بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔ مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو بندوق کی نہیں معاشرے کی اصلاح کی تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی لابی اور اسلام دشمن قوتیں اور ممالک داڑھی اور اسلام کو بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ مگر آج کے مشترکہ پروگرام سے ثابت ہو گیا کہ پاکستانی قوم، سیکورٹی اور انتظامی حکام اور علمائے کرام کا نظریہ اور مقصد ایک ہے۔ اور ہمارے درمیان نفاق ڈالنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ کیونکہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور پاکستانی مسلمان عوام اور حکام ملک کی سا لمیت اور دفاع کیلئے متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام علمائے کرام اور فارغ التحصیل ہونے والے طالب علم اسلامی تعلیمات کے مطابق عالم با عمل کا کردار ادا کر کے بد امنی کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ تقریب میں 32 طلباء کی حفظ قرآن، ناظرہ قرآن اور دیگر درجوں کی تکمیل کرنے والے کی دستار بندی کی گئی اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کی گئی۔ بعد ازاں سابق ایم این اے ملک فضل منان کے گاؤں کے مدرسے کے طلباء کی دستار بندی کے بعد کوڈا خیل میں ایک مدرسہ اور خویزئی فقیر آباد حاجی عبدالرحمن فقیر کلے میں علمائے کرام اور سرکاری حکام نے مسجد بُقا کا سنگ بنیاد رکھا۔