کاکول (جیوڈیسک) کاکول کیمپ میں سخت ٹریننگ نے پلیئرز کے پسینے چھڑا دیے، فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے والوں کیلیے پلان تیار کرلیا گیا، صبح 7 سے ایک بجے تک خصوصی مشقیں کرائی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل کرکٹرز کو چاک و چوبند بنانے کیلیے پاکستان ملٹری کاکول اکیڈمی میں فٹنس کیمپ جاری ہے، ممکنہ 31 کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ چوتھے روز بھی برقرار رہا۔
این سی اے میں ہونے والے ٹیسٹ اور بعد ازاں کاکول میں بھی کھلاڑیوں کی فٹنس حوصلہ افزا نہیں تھی،1،2 پلیئرز ہی مطلوبہ معیار پر پورے اترے، ان فٹ کرکٹرز کو مطلوبہ معیار پر لانے کیلیے ملٹری انسٹرکٹرز نے پی سی بی کے ٹرینر گرانٹ لیوڈن اور دیگر معاون اسٹاف سے مل کر پلان تیار کیا ہے۔
جس کے تحت صبح 7سے ایک بجے تک خصوصی مشقیں کرائی جانے لگیں، کھلاڑیوں کی قوت برداشت بڑھانے پر زور دیا جا رہا ہے، گذشتہ روز 3کلومیٹر طویل فاصلے کی دوڑ کے بعد 100میٹر اسپرنٹ اور رکاوٹوں والی ریس میں بھی اسٹیمنا بہتر بنانے کیلیے کام کیا گیا، شٹل رن اور بیلون پش اپ میں پلیئرز نے خوب پسینہ بہایا، ڈھلوان پر چڑھائی نے بھی ہمت کا امتحان لیا، اس سے بھی سخت ٹریننگ سیڑھیوں پر ایک اسٹیپ چھوڑ کر چھلانگ سے اوپر جانا تھا۔
شام کو والی بال اور فٹبال میچز میں شرکت بھی لازمی قرار دی گئی، کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ کا سلسلہ 27مئی تک جاری رہے گا جس کے بعد اسلام آباد میں کیمپ لگایا جائے گا، ٹیم کو آئندہ ماہ سیریز میں شرکت کے لیے انگلینڈ جانا ہے۔