اسلام آباد (جیوڈیسک) ہنگامے اور تو تکرار کے بعد ٹی او آرز کیلئے پارلیمانی کمیٹی بن گئی، ارکان کی تعداد پر ایوان میں خوب تو تو میں میں ہوئی۔ ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں شامل کرنے پر شاہ محمود قریشی تاؤ کھاتے رہے۔
سعد رفیق نے ترکی بہ ترکی جواب دیئے۔ سپیکر ارکان کو ہلکے پھلکے انداز میں ڈانٹتے بھی رہے۔ ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کی تعداد 12 سے سولہ کیسے ہو گئی۔ شاہ محمود قریشی نے اعتراض کیا اور پھر شروع ہوگئی توتو میں میں۔
ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں شامل کرنے پر شاہ محمود قریشی تاؤ کھا گئے۔ جس پر سعد رفیق کے ساتھ نرم لہجے میں گرم جملوں کا تبادلہ بھی ہو گیا۔ متحدہ کے آصف حسنین تنگ آکر بولے نہیں پسند تو ایوان سے چلے جاتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی ارکان کو سمجھاتے بجھاتے رہے۔ ایک موقع پر شیریں مزاری پر جملہ بھی کس دیا۔ آخر کار سپیکر صاحب نے معاملہ چیمبر میں نمٹانے کا کہہ کر صلح صفائی کرا دی۔