لاہور (جیوڈیسک) فاسٹ بولر محمد عامر نے ویزے کی درخواست اسلام آباد میں برطانوی سفارتخانے میں جمع کرادی اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ انہیں آئندہ ہفتے برطانیہ کا ویزا مل جائے گا۔
فاسٹ بولر محمد عامرنے دورہ انگلینڈ کے لئے اسلام آباد میں برطانوی سفارتخانے میں اپنی ویزہ درخواست جمع کرادی ہے۔ محمد عامر دورہ انگلینڈ کی تیاری کے لئے ان دنوں پی سی بی کی جانب سے کاکول میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں اور وہ خصوصی طور پر اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ویزہ کی درخواست برطانوی سفارتخانے میں جمع کرائی۔
دوسری جانب ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لئے منتخب ہونے والے بیشترکھلاڑیوں کے ویزوں کی درخواست برطانوی سفارتخانے میں جمع کرادی تاہم محمد عامر کی درخواست معمول کے مطابق جمع نہیں کرائی گئی تھی۔ ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ محمد عامر نے اپنے ویزہ کی درخواست برطانوی سفارتخانے میں جمع کرادی جب کہ اس حوالے سے خصوصی کیس تیار کرکے انگلش کرکٹ بورڈ اور سفارت خانے سے بات کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر کی تمام دستایزات مکمل ہیں اورقانونی مشیروں سے بھی بات کی گئی ہے جس کے بعد انہیں آئندہ ہفتے برطانیہ کا ویزا ملنے کا امکان ہے۔