گوجرانوالہ : عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے زیر اہتمام و جانشین ابوالبیان علامہ صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی مدظلہ کی زیر نگرانی سراج العارفین علامہ ابوالبیان پیر محمد سعید احمد مجددی رحمةاللہ علیہ کا 14واں سالانہ عظیم الشان عرس پاک مرکزی جامع مسجد نقشبندیہ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک پاکستان کے نامور علماء ومشائخ قراء، نعت خواں حضرات کے علاوہ ہزاروں عوام الناس نے شرکت کی۔
جانشین ابوالبیان علامہ صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمدمجددی نے اجتماع سے خطاب خطاب کے دوران اطاعت رسول کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو البیان رحمةاللہ علیہ میں اللہ نے اطاعت رسول کے جذبے کو کوٹ کوٹ کر بھر دیا تھا آپ نے اپنی زندگی کے شب وروز اطاعت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم میں گذارے اور اپنے ماننے والوں کو بھی اسی اسوئہ حسنہ کی تلقین کی ۔علامہ ظفر محمود مجددی چیئر مین رویت ہلال کمیٹی برطانیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت ابوالبیان علیہ الرحمہ نے اپنے حسن عمل اور حسن کردارکی بناء پر نوجوان نسل کو بہت متاثر کیایہی وجہ ہے کہ آج بلاامتیاز مذہب وملت ہر سنجیدہ فکر نوجوان آپ کی شخصیت سے متاثر نظر آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت ابوالبیان علیہ الرحمہ کی ہمالہ صفت شخصیت کو خدانے ہمہ جہت بنایا تھا آپ کی ذات میں علم وفضل ، حشمت وکمال مہمان نوازی، بردباری اور دیگر صفات جمیلہ کے ساتھ ساتھ علمی ذوق بہت نمایا تھا آپ نے مکتوبات امام ربانی کی شرح لکھ کر رہتی دنیا تک کیلئے اپنا علمی ورثہ چھوڑا ہے ۔حضرت صاحبزادہ سیدا فتخار الحسن شاہ آلومہار شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ مجددی صاحب علیہ الرحمہ کی زندگی ایک تحریک سے عبارت تھی آپ نے ساری زندگی جماعت اہل سنت ، جمعیت علماء پاکستان، انجمن طلباء اسلام ، جمعیت علماء جموںوکشمیر اور عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے پلیٹ فارم سے صدائے حق بلند کی اور پوری جرأت ایمانی کے ساتھ باطل قوتوں کو للکارا اور عظمت اسلام کی شمع کو فروزاں رکھا۔
۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی لاہور نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت علامہ مجددی علیہ الرحمہ کادل معرفت الٰہی سے روشن تھا آپ عالم باعمل تھے آپ نے زندگی بھر فروغ دین کو ہی مقصد حیات بنائے رکھا اور دینی اقدار کے فروغ کیلئے مساجد ومدارس کا اک جال بچھایا جوآپ کی بالغ نظری کی اک روشن مثال ہے ۔تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے ملک و ملت کی سلامتی دین متین کی ترویج اور اسلام کی نشاة ثانیہ کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
عالمی ادارہ تنظیم الاسلام (رجسٹرڈ) سیکرٹری نشرواشاعت محمد شہزاد احمد مجددی 0304-0583342