کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیاتی افسران و ملازمین اپریل کی تنخواہوں سے تاحال محروم ملیر ٹائون میں افسران وملازمین نے فاتر کی تالا بندی کرکے پر امن علامتی احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے اچانک انکم ٹیکس کی مد میں کراچی کے بلدیاتی اداروں کے اکائونٹس سے اچانک 76 کروڑ کی رقم کی کٹوتی کے بعد شہر کی 6 ڈی ایم سیز کے افسران و ملازمین کی ماہ اپریل کی تنخواہیں اب تک ادا نہ ہوسکیں جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے بلدیاتی اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ جاری کی تاکہ افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنا جاسکے مگر تاحال وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو مالی بحران سے نکالنے کے خصوصی گرانٹ کی منظوری کے باوجود اب تک بلدیاتی اداروں کے اکائونٹس میں نہ آسکیں جس پر ملیر ٹائون میں افسران و ملازمین نے تمام فاتر کی تالا بندی کرکے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پر امن احتجاج کیا۔
افسران و ملازمین کا کہنا تھا کہ اپریل کی تنخواہ اب تک نہیں ہوسکیں اور مئی کی تنخواہ بھی یکم جون کو رمضان المبارک سے قبل ملنے کے امکانات نہیں ہیں بلکہ بلدیہ ملیر کے اکائونٹس آفیسر کے مطابق آئندہ 2دنوں میں اپریل کی تنخواہ ادا کردی جائے گی۔