اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات کی ہے اور پاکستان میں امریکہ کی جانب سے ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سفیر سے طالبان رہنما کی تلاش کے دوران پاکستان میں کئے جانے والے ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کیا اور انہیں واضح کر دیا کہ ایسے حملے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف ہیں اور انہیں فوری طور پر روکنا ہوگا
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اگر ایسے حملے ہوئے تو ان کو پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے خلاف سمجھا جائے گا ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اگر طالبان کیخلاف کسی قسم کا آپریشن ناگزیر تھا تو اس سے قبل پاکستانی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔
جبکہ ماضی میں پاک امریکہ مذاکرات میں طے ہوا تھا کہ اگر طالبان کیخلاف کوئی کارروائی کی جائے گی تو اس سے قبل پاکستان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
آرمی چیف نے واضح الفاظ میں امریکی سفیر کو باور کروا دیا کہ اگر مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ رونما ہوا تو اس کو پاکستانی سالمیت کیخلاف تصور کیا جائے گا۔