کوئٹہ (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن تنخواہوں اور دیگر مطالبات کے حق میں گزشتہ 50 روز سے سراپا احتجاج ہے اور 24 روز سے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز سے بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ آج ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی۔
ریلی نے منان چوک پر پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کر لی۔ دھرنے کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے درمیاں مذاکرات ہوئے جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اگلے 48 گھنٹوں کے اندد مطالبات کے تسلیم کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سکیورٹی خدشات اور شہریوں کی مشکلات کی وجہ سے دھرنا منان چوک سے پریس کلب منتقل کر دیا۔
ینگ ڈاکٹرز کے احتجاجی دھرنے سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔