فرانس : لیبر قوانین سے متعلق بل کیخلاف مظاہرے، ملازمین سراپا احتجاج

Protest

Protest

پیرس (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی حکومت کی جانب سے لیبر قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے ایک متنازع بل کے بعد ملک گیر مظاہرے شروع ہو چکے ہیں۔

لیبر یونین کا مطالبہ ہے کہ حکومت مزدوروں کے قوانین میں اصلاحات کے لیے پیش کیے جانے والے بل کو واپس لے جبکہ حکومت کا موقف ہے کہ یہ اصلاحات ملک میں بڑے پیمانے پر بیروزگاری کم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

ہڑتالوں اور بجلی گھروں کی بندش کی وجہ سے پہلے ہی فرانس میں تیل صاف کرنے والے کارخانے متاثر ہوئے۔ اس کی وجہ سے حکومت کو تیل کے سٹریٹجک ذخائر کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ جوہری بجلی گھروں کے ملازمین بھی اس ہڑتال میں شامل ہو چکے ہیں جس کے باعث سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ فرانس میں تقریباً 75 فیصد بجلی جوہری توانائی سے حاصل ہوتی ہے۔ دوسری جانب پیرس کے 40 فیصد پیٹرول سٹیشنز کو ایندھن کی دشواری کا سامنا ہے جبکہ صارفین کسی بھی قسم کی قلت سے بچنے کے لیے جلد از جلد ایندھن خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔