کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اُسامہ اسپورٹس اور رحیم محمڈن کے زیر اہتمام ضلع انتظامیہ کورنگی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تعاون سے پنجاب گرائونڈ شاہ فیصل کالونی میں جاری پہلا آل کراچی سید نواب شاہ یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچ میں جلال مراد نے اپنے عمدہ کھیل اور کانٹے دار مقابلے کے بعد مد مقابل لیاری برادرز کو 3-2سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا فاتح ٹیم کی جانب سے نوید حمید ،نور عالم اور علی مراد نے شاندار گول اسکور کئے جبکہ لیاری برادرز کے صالح محمد اصغر اور آصف نے گول کئے ۔
دوسرے میچ میں سرحد اسپورٹس لانڈھی نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد ملیر اسٹار کی ٹیم کو 5-0سے عبرتناک شکست سے دو چار کردیا کھیل کی خاص بات سرحد اسپورٹس کے کھلاڑی رضوان کا عمدہ کھیل تھا جنہوں نے 3گول کے ساتھ ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ لنک مین زبیر نے 2گول کئے اس شاندار کامیابی پر سرحد اسپورٹس کے آفیشل نے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آئندہ بھی اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھے گی ۔کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض شوکت حسین ،جاوید بنگش ،سلیم شاہ اور میر افضل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر اختر مائیکل اور شاہ زیب خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔