کراچی (اسٹاف رپورٹر) برٹش ایشین کلچر برطانیہ کے آرگنائزر آصف اقبال نے کہا ہے کہ برطانیہ کی معروف گلوکارہ تانیہ ویلز اپنے میوزیکل بینڈ سیون آئیز کے ہمراہ اگست میں پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ایشین پرفارمنگ آرٹ کے اشتراک سے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی ۔ تانیہ ویلز کا دورہ پاکستان موجودہ حالات میں خوش آئند ثابت ہوگا جس سے امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے میں بے حد مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف پروموٹر شہزاد عالم کے ہمراہ پاکستان نیوی آڈیٹوریم میں صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ آصف اقبال نے تانیہ ویلز کے حوالے سے صحافیوں کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت بھارت سے حاصل کی ہے وہ پاکستان کے لیجنڈ گلوکار مہدی حسن ، نور جہاں ، نصرت فتح علی خان اور استاد سلامت علی خان کے ساتھ ساتھ صوفی کلام کے حوالے سے عابدہ پروین سے بے حد متاثر ہیں تانیہ ویلز کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی طور پر برطانیہ سے پاکستان آیا ہوں اور شہزاد عالم کے ہمراہ پروگرام ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔
آصف اقبال نے مزید کہا کہ تانیہ ویلز کے دورہ پاکستان کا ایک بڑا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک پر امن ملک ہے کہ جہاں پر ملک میں انتشار و بدامنی و سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم مکمل طور پر افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم ہر سطح پر پاکستان کے استحکام اور اسے مستحکم کرنے کی کوششوں میں سرگرم عمل پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔ آصف اقبال نے مزید کہا کہ تانیہ ویلز کے کنسرٹ کے ذریعے ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں۔