بلوچستان میں ہونیوالا ڈرون حملہ درحقیقت ملکی سالمیت پر حملہ ہے۔ ڈاکٹر اسد معظم

PTI

PTI

فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونیوالا ڈرون حملہ درحقیقت ملکی سالمیت پر حملہ ہے۔ موجودہ حکومت کی ناقص خارجی پالیسی اور بزدلی کی وجہ سے آج قوم کو یہ دن دیکھنا نصیب ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن دوتہائی اکثریت قومی اسمبلی میں رکھنے کی دعویدار رہے مگر کس قدر بدقسمتی کی بات ہے کہ اتنے ایم این ایز ہونے کے باوجود اس پارٹی کے پاس کوئی ایسا قابل ایم این اے نہیں جو وزارت خارجہ کی بھاگ ڈور سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پہلے ڈرون حملہ کیا اور پھر دھمکی لگا دی کہ وہ جہاں چاہے گا کارروائی کرے۔

اس کی دھمکی سن کر حکمران بھیگی بلی بن گئے۔ ہمارے حکمرانوں کی پنجر دیکھتے ہوئے امریکہ نے ڈرون حملے کے اگلے ہی روز پاکستان کیلئے کروڑوں ڈالر کی امداد منظور کر لی کیونکہ اسے معلوم ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا منہ کس طرح بند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں دہشتگرد گروپوں کی بھرمار ہے۔

سری لنکا’ روس اور دیگر کئی ممالک میں دہشتگرد حکومتی رٹ چیلنج کرتے نظر آتے ہیں مگر امریکہ کی اتنی جرات نہیں کہ وہ ان کی فضائی یا زمینی حدود کی خلاف ورزی کر سکے تاہم پاکستان چونکہ یورپین ممالک کیلئے ترنوالہ بن چکا اس لیے جس کا دل کرتا ہے یہاں آ کر کارروائی کر جاتا ہے۔ حتیٰ کہ افغانستان بھی اب آنکھیں دکھانے لگا ہے۔ بزدل حکمرانوں کی موجودگی میں ملک وقوم غیر محفوظ ہے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر ملک کا تشخص اجاگر کرنے کیلئے دن رات ایک کر دے گی اور کسی کو اپنی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیگی۔