لندن (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کہ وہ اپنی صحت کے لئے دعائیں کرنے پر قوم کے مشکور ہیں۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے تیار کردہ بجٹ کے حوالےسےاب تک جوکام ہوا ہے اس میں ان کی مشاورت بھی شامل رہی، اس کے علاوہ شہباز شریف نے بھی انہیں اس بارے میں کافی معلومات فراہم کی ہیں۔ قوم کو بہتری کی توقع رکھنی چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کے بہت مشکور اور احسان مند ہیں جنہوں نے ان کی صحت کے لئے دعائیں کیں، اس میں مسلمان، ہندو ، سکھ اور عیسائی سب ہی مذہب کے ماننے والے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف ان دنوں لندن میں اپنے علاج کے سلسلے میں مقیم ہیں جہاں کل ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہونی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ایک ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے اوراس کے بعد بھی سفر کی اجازت ڈاکٹرز کی ہدایت سے مشروط ہوگی۔