کراچی (جیوڈیسک) گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک پولیس کے شہداء کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ گلشن حدید دھماکے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔
ملک دشمن قوتیں پاک چائنا دوستی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ پولیس پر اورنگی اورعائشہ منزل کے علاقوں پر حملوں میں ملوث گروہ کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے معاوضے کی رقم 20 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تقریب میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے 54 اہکاروں کے اہلخانہ نے شرکت کی ۔ شہداء کے اہلخانہ میں نقدی، راشن اور دیگر تحائف تقسیم کئے گئے اس موقع پر آئی جی سندھ ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔