دو فرانسیسی کوہ پیماؤں کی گیشربروم کی چوٹی سر کرنے کے لیے پاکستان کیلئے روانگی

Climbers

Climbers

پیرس: 30 مئی ، 2016، دو فرانسیسی کوہ پیما ہمالیہ کی ایک چوٹی گیشر بروم کو سر کرنے کے لیے کل فرانس سے روانہ ہو رہے ہیں -دونوں کوہ پیما فلپس اروس اور کرسٹوف فیسی پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں -اس سے پہلے وہ فرانس ، اٹلی ، سویئٹزر لینڈ ، تنزانیہ ، ارجنٹائن ، چین اور پاکستان میں کئی بلند و بالا چوٹیاں سر کر چکے ہیں- 2002میں انہوں نے مونٹ ایورسٹ اور نانگا پربت کو سر کیا۔

پاکستان روانگی سے قبل آج انہوں نے فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مہم سے متعلق آگاہ کیا- سفیر پاکستان نے انہیں پاکستان کا ایک جھنڈا پیش کیا جو کہ وہ 8035 میٹر بلندچوٹی پر لہرائیں گے-دونوں گیشربروم کی طرف اپنے سفر کا آغاز جون کے آخری حصے میں کریں گے -اس موقع پر کوہ پیماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب سفیر نے کہا پاکستان کے پہاڑی سلسلے اور بلند و بالا برفانی چوٹیاں دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لیے ہمیشہ سے چیلنج اور کشش کا باعث رہی ہیں۔

دنیا بھر سے بیشمار سیاح اور کوہ پیما موسم گرما میں پاکستان کے ان پہاڑی سلسلوں کا رخ کرتے ہیں-انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو سیاحتی اور مہم جوئی کے بیشمار اور لازوال خزانوں سے مالا مال کر رکھا ہے -انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہاڑی چوٹیاں فرانسیسی سیاحوں کے لیے خاص طور سے کشش کا باعث رہی ہیں-دونوں کوہ پیماؤں نے اپنی موجودہ مہم کو دوستی کے سفر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔