کراچی (جیوڈیسک) معروف کامیڈی کنگ عمر شریف نے کہا ہے کہ ماں اسپتال تکیمل کے مراحل میں جس کا افتتاح 11 جولائی 2016 کو ہوگا، عوام کو عید کاتحفہ دے رہے ہیں ، ماں اسپتال غریب عوام کے لیے ماں کی آغوش ثابت ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اورنگی ٹاؤن میں عمر شریف ویلیفئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام زیر تعمیر اسپتال’’ماں‘‘ کا صحافیوں کودورہ کراتے ہوئے کیا، انھوں نے کہاکہ اسپتال کراچی سے خیبرتک کی عوام کو سہولیات فراہم کرے گا، یہ کراچی پرمیرا قرض تھا جو پوراکرنے کی کوشش کررہاہوں۔ اسپتال میں جوبھی بچہ پیدا ہوگا اس ہی کے نام پر گائنی وارڈ کانام رکھا جائے گا۔
عمرشریف نے کہاکہ اسپتال بنانے میں حکومت سندھ اور دیگر اداروں کا بے حد شکر گزار ہوں۔اسپتال بنانے کامقصد اورنگی کی 35لاکھ عوام کو طبی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ اپنی فنکار برادری جو علاج معالجہ کے حوالے سے دوسروں کے منتظر ہوتے ہیں کے لیے بھی علاج معالجہ کا بندوبست کرنا ہے۔اس موقع پر بابر عباسی، گلوکار تنویر آفریدی، اداکار خاورحسن،فیضان برنی اطہر جاوید صوفی،ذیشان صدیقی ودیگر بھی موجود تھے۔