قصور (محمد عمران سلفی سے) رمضان المبارک میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، رمضان بازاروں کی سیکورٹی تمام ایجنسیوں کے تعاون سے یقینی بنائیں گے، ڈی ایس پی عبدالقیوم گوندل، تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سٹی قصور عبدالقیوم گوندل نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گاکسی قسم کی سستی اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، رمضان بازاروں ودیگر مقامات کے سیکورٹی انتظامات کو دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے یقینی بنائیں گے۔
مختلف مقامات پرلگائے گئے رمضان بازار وں، مساجد، امام بارگاہوں،مدارس ودیگر اہم دینی و عوامی مقامات کی فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ضلعی پولیس کی بھاری نفری کیساتھ ساتھ ایلیٹ کی سپیشل ٹیمیں ،محافظ فورس،ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی زیادہ سے زیادہ نفری تعینا ت کی جائے گی۔ سکیورٹی کے پیش نظر رمضان بازاروں کے ساتھ ہی مناسب جگہ پر پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔ضلع بھر کے تمام انٹری /ایگزٹ مقامات پر ناکہ جات لگائے جا ئیں گے، فلیگ مارچ ،سرچ اینڈ سویپ آپریشن کئے جائیں گے، ہوٹل سرائے کو چیک کریں گے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنایا جا سکے ،مساجدمیں نماز فجر اور نماز تراویح سمیت تمام نمازوں کے اوقات میں پولیس کی زیادہ سے زیادہ نفری تعینا ت کی جائے گی اور محافظ فورس کی گشت کو فعال بنایا جائے گا۔
علماء اکرام،امن کمیٹی کے ممبران ،تاجر حضرات اور مساجد کی کمیٹیوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیساتھ ملکر سکیورٹی کا مربوط نظام مرتب کریںاور کمیونٹی پولیسنگ کے پیش نظر ان کا بھر پور تعاون حاصل کریں ۔ اس کے ساتھ ساتھ لائوڈ سپیکرایکٹ اور احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمدکویقینی بنایا جائے۔
پولیس اپنے انتظامات کو تین دن قبل مکمل کرکے اپنی اپنی ڈیوٹیاں انجام دینا شروع کر دے گی، ڈی ایس پی عبدالقیوم گوندل نے مزید کہا کہ ہم نے انسداد منشیات مہم بھی شروع کر رکھی ہے، جو 10جون تک جاری رہے گی، ڈسٹرکٹ قصور سے منشیات فروشوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، منشیا ت فروشوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے اور ان کے خلاف کاروائی نہ کرنے والے تھانیداروں کے خلاف بھی کاروائی کریں گے، صحافی اور شریف شہری سماج دشمن عناصر کے خلاف چلائی گئی مہم میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔