کراچی (جیوڈیسک) کراچی والوں کے لئے دودھ اور گوشت کے منصوبے میں 65 کروڑ روپے کا فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، منصوبے کے ترقیاتی کام ہوئے نہیں مگر ٹھیکیداروں کو کروڑوں روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔
سنہرے خواب، خوفناک تعبیریں، اسے کہتے ہیں گاؤں بسا نہیں چور پہلے آ گئے۔ اہل کراچی کو دودھ اور گوشت فراہم کرنے کے لئے 4 سال قبل شروع کیا گیا بھنبھور ڈیری ولیج منصوبہ ٹھپ۔ کھیل ختم پیسہ ہضم، حیران کن پہلو یہ ہے کہ منصوبے پر کسی قسم کے ترقیاتی کام نہیں ہوئے مگر ٹھیکیداروں کو کروڑوں روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔
سندھ ہائی کورٹ نے ٹھیکیداروں کو مزید ادائیگی رکوا دی ہے۔ اینٹی کرپشن نے محکمہ لائیو سٹاک سندھ کے دو سابق سیکرٹریوں کے خلاف فراڈ کی ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔
سیکرٹریوں میں لائق میمن اور چودھری ظفر شامل ہیں ۔ فراڈ میں ملوث ایک سیکرٹری لائق میمن بیرون ملک گلچھرے اڑا رہے ہیں۔