لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ نے گرمی کی چھٹیوں میں سکولوں کے بچوں سے تین ماہ کی یکمشت فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ درخواست گزار شبیرالزمان کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز سے ہی تین ماہ کی یکمشت فیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے دبائو کا سامنا ہے۔ یکمشت فیسیں ادا نہ کرنے والے طلباء کا نام سکول سے خارج کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو والدین اور طلباء کیلئے اذیت سے کم نہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ تعلیم کوابھی تک تین ماہ کی اکٹھی فیس وصول کرنے سے متعلق کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی جس پر عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول کے بچوں سے تین ماہ کی یکمشت فیسیں وصول کرنیوالے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔
عدالت نے یکشمست فیسیں وصول کرنے کیخلاف جاری نوٹیفکیشن کی ٹی وی اور اخبارات میں تشہیر کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ عدالت نے نجی سکولوں کے مرکزی دروازوں پر بھی نوٹیفکیشن کی کاپیاں چسپاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دو ہفتوں میں عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔