فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ ایک نیشنل اخبار کے گروپ ایڈیٹر اور سینئر ترین صحافی نے اپنے کالم میں لندن کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں ہونیوالی ”بائی پاس ڈرامہ بازی” کا پول کھول دیا ہے۔ بات بات پر جھوٹ کا سہارا لیکر جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکمرانی کرنیوالوں کا یہ ڈرامہ بھی فلاپ ہو گیا ہے۔
ہم اس ڈرامے کو بے نقاب کرنے پر سینئر ترین صحافی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ نواز شریف کے دل کا بائی پاس ہوا ہے تو پھر بھی انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے کیونکہ بائی پاس کے بعد انسان کے پاس وہ توانائی نہیں رہتی جو اوریجنل دل کیساتھ ہوتی ہے۔
آپریشن ہوا، نہیں ہوا، یہ الگ بحث ہے تاہم اب قوم شریف برادران کو کسی بھی سطح پر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور اس کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ یہ لوگ استعفے دیکر گھر جائیں اور نئے الیکشن کروا کر عوام کو نئی قیادت چننے کا موقع دیں۔
اسد معظم نے کہا کہ اگر فیئر اور ایماندارانہ الیکشن ہوئے تو عوام جو بھی فیصلہ کریں گے تحریک انصاف اسے صدق دل سے قبول کرے گی تاہم دھاندلی کر کے اور امپائر کو ساتھ ملا کر اگر میچ جیتنے کی کوشش کی گئی تو تحریک انصاف کی صدارت تسلیم نہیں کرینگے اور پھر فیصلہ دوبارہ سڑکوں پر ہی ہو گا۔