گوجرانوالہ (جیوڈیسک) سی ٹی ڈی پولیس نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کر دیا۔ فاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیر ازم ڈپارٹمنٹ نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد فیصل بابر کو آج سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو میں پیش کرتے ہوئے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
استدعا پرفاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی پر کاؤنٹر آف ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا ہے،۔
واضح رہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاعات ملنے پر گذشتہ شب شیخوپورہ موڑ منی اسٹیڈیم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے کمانڈر فیصل بابر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد ،پریشر کوکر بم ، ڈیٹو نیٹر، بال بیرنگ اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کئے تھے۔
سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گوجرانوالہ میں سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔