مہمند ایجنسی، فاٹا اصلاحاتی کمیشن کے سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے سے فاٹا میں مایوسی پھیل گئی

Ex-Senator Hafiz Rashed

Ex-Senator Hafiz Rashed

مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے ) مہمند ایجنسی، فاٹا اصلاحاتی کمیشن کے سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے سے فاٹا میں مایوسی پھیل گئی ہے، سابق سنیٹر حافظ رشید احمد۔ اصلاحاتی کمیٹی کاتمام ایجنسیوں کے دورے مکمل کرنے کے بعد عملی اقدامات نہ اُٹھانا قبائل کے ساتھ مذاق ہے۔

اصلاحات کا فوری اعلان کیا جائے۔ ایف سی آر کا یکسر خاتمہ فاٹا کے مفاد میں نہیں۔ ضروری ترامیم کے بعد فاٹا کو الگ صوبہ یا الگ کونسل بنایا جائے۔ پنڈیالئی امبار روڈ کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیا جائے اور نحقی مامد گٹ روڈ تعمیر کیلئے ٹائم فریم کا اعلان کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مہمند ایجنسی کے سابق سنیٹر اور جے یو آئی رہنماء حافظ رشید احمد نے مولانا یوسف خان کے ہمراہ مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آر ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ نائن الیون واقعات سے پہلے فاٹا میں مثالی امن اجتماعیت اور علاقائی ذمہ داری کے بدولت قاتم تھا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ایف سی آر میں ضروری ترامیم اور غیر منصفانہ شقیں ختم کرنا چاہئے مگر ایف سی آر کا یکسر خاتمہ علاقائی رسم و رواج اور مضبوط جرگہ سسٹم کے خلاف ہوگا جس سے مزید مسائل جنم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مضبوط فاٹا اصلاحاتی کمیشن تشکیل دیا تھا جس سے قبائل کو بہتری کی اُمید نظر آئی تھی ۔کمیٹی نے تمام ایجنسیوں کے دورے کرکے ہر مکتبہ فکر کی رائے معلوم کی مگر اس کے باؤجود نہ سفارشات منظر عام پر آئی اور نہ اصلاحات کا اعلان ہوا۔ جس سے ایک کروڑ قبائل میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس لئے مرکزی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کر کے فوری اصلاحات کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی وران پل سے سر لڑہ تک پنڈیالئی امبار روڈ جو باجوڑ ایجنسی کے ساتھ لنک ہے اس کی ناقص تعمیر قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے مذکورہ روڈ کے معیار پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے اور سڑک کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

حافظ رشید احمد نے نحقی تا مامد گٹ روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی گورنر شوکت اللہ خان کے دور میں شروع کردہ منصوبہ ادھورا رہ گیا جس سے مسافر وں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین، گورنر افتخار جھگڑا اور مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ مہمند باجوڑ ہائی وے کیلئے فوری طور پر خصوصی فنڈ کی منظوری دیکر دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے۔