استقبال و فضیلت ماہ رمضان

Welcome Ramadan

Welcome Ramadan

تحریر : حافظ کریم اللہ چشتی
ماہ رمضان اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے جسطرح ہم پر نماز فرض ہے اسی طرح ماہ رمضان کے روزے رکھنابھی فرض ہیں۔ امت مصطفیۖ پر روزے کی فرضیت ٢ہجرہی ١٠ شعبان المعظم میں ہوئی اوراس کے مطابق سیدعالم نورمجسم شفیع معظم ۖنے ٩رمضان المبارک کے مہینوں کے روزے فرضیت کے بعد رکھے اس کے بعدآپۖکاوصال مبارک ہوا۔ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اللہ تعالیٰ کی تجلی ذاتی کا مظہر ہے۔

حضرت سلمان فارسی بیان کرتے ہیں کہ آخرشعبان میں نبی کریمۖنے صحابہ کرام علہیم الرضوان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا”اے لوگوتم پرعظمت والامہینہ سایہ کررہاہے یہ مہینہ برکت والاہے جس میں ایک رات ایسی ہے جوہزارمہینوں سے بہترہے یہ و ہ مہینہ ہے جس کے روزے اللہ پاک نے فرض کیے اورجس کی راتوں کاقیام نفل بنایا جواس مہینہ میں کسی نفلی ،نیکی سے اللہ رب اللعالمین کاقرب حاصل کرناچاہے تواسے فرض اداکرنے کے برابرثواب ملے گااورجس نے اس مہینہ میں ایک فرض اداکیاتواسے دوسرے مہینوں کے سترفرضوں کے برابرثواب ملے گا۔یہ صبرکامہینہ ہے اورصبرکاثواب جنت ہے یہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کا مہینہ ہے یہ وہ مہینہ ہے جس میں مسلمانوں کارزق بڑھادیاجاتاہے جواس مہینہ میں کسی روزہ دارکوافطارکرائے تواس کے گناہوں کی بخشش ہوگی اورآگ سے اسکی گردن آزادہوجائے گی اورافطارکرانیوالے کوروزے دارکاثواب ملے گاروزہ دارکے ثواب میں کمی کے بغیر صحابہ کرام علہیم الرضوان فرماتے ہیں۔

ہم نے عرض کیا یارسول اللہۖ!ہم میں سے ہرشخص کے پاس روزہ افطارکرانے کاانتظام نہیں توآقاۖنے فرمایااللہ پاک یہ ثواب اس شخص کوبھی دے گاجودودھ کاایک گھونٹ یاکھجوریاگھونٹ بھرپانی سے کسی کو افطار کرائے اورجس نے روزے دارکوپیٹ بھرکرکھاناکھلایااللہ اسے قیامت کے دن وہ پانی پلائے گاجس کے بعدوہ جنت میں جانے تک کبھی پیاسانہ ہوگایہ وہ مہینہ ہے جس کے اوَل میں رحمت درمیان میں بخشش اورآخرمیں آگ سے آزادی ہے اورجواس مہینہ میں اپنے غلام (ملازم)سے نرمی کرے گاتواللہ پاک اسے بخش دے گااورآگ سے آزادکردے گا۔(مشکوٰة شریف)
یہ مہینہ کتنامقدس مہینہ ہے آقاۖکے اس خطبہ میں اس بات پرتنبہیہ ہے کہ خبرداررمضان المبارک کاایک ایک سیکنڈاللہ پاک کی اطاعت وعبادت میں گزارنا۔کہیں ایسانہ ہوکہ ماہ رمضان المبارک کاچاندنظرآجائے اورتم غفلت میں پڑے رہو۔بلکہ غفلت کوچھوڑکراپناتن عبادت خدامیں مصروف کردو۔آپۖ نے اس مہینہ کے آنے کی خبردیتے ہوئے یہ ارشادفرمایاکہ تم پرایک عظیم مہینہ سایہ کرنے والاہے ۔یعنی ما ہ رمضان ایک ایساسایہ داردرخت ہے کہ جومسلمان بھی اسکے نیچے تھکاہاراآتاہے اس کویہ سکون بخشتاہے دنیاوآخرت کے عذاب سے بچالیتاہے ۔اس مہینہ میں ایک ایسی رات جوہزارمہینوں سے افضل ہے یعنی کوئی شخص اگراس ایک رات جسے لیلة القدرکی رات کہتے ہیں میں اللہ پاک کی صدق دل سے عبادت کرے تواللہ پاک اسکوہزارمہینوں کی عبادت کاثواب عطا کر دیتا ہے۔

Shaban

Shaban

شعبان المعظم کا مہینہ ختم ہونیوالاہے ہمیں بھی چاہیے کہ آج ہی سے ماہ رمضان المبارک کی آمدکی تیاری کرلیں تاکہ ماہ رمضان المبارک سے پہلے ہی ہم اپنے گناہوں کی اللہ پاک کی بارگاہ سے معافی مانگ لیں تاکہ یہ ماہ مقدس شروع ہوتے ہی اللہ پاک کی رحمت ہم پرسایہ فگن ہوجائے ۔ارشادباری تعالیٰ ہے۔ترجمہ”رمضان کامہینہ جس میں قرآن اترالوگوں کے لئے ہدایت اوررہنمائی اورفیصلہ کی روشن باتیں توتم میں سے جواس مہینہ کوپائے تواسکے روزے رکھے اورجوبیماریاسفرمیں ہوتواتنے روزے اوردنوں میںاللہ تعالیٰ تم پرآسانی چاہتاہے دشواری نہیں چاہتااسلئے کہ تم گنتی پوری کرو”۔(سورة البقرة پارہ نمبر٢) حضرت سیدُنا ابو سعیدخدری سے روایت ہے کہ آقاۖنے ارشادفرمایا”جب ماہِ رمضان کی پہلی رات آتی ہے توآسمانوں کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اورآخررات تک بندنہیں ہوتے جوکوئی بندہ اس ماہِ مبارک کی کسی بھی رات میں نمازپڑھتاہے اللہ تعالیٰ اس کے ہرسجدہ کے عِوض (یعنی بدلہ میں )اس کے لئے پندرہ سونیکیاں لکھتاہے اوراس کے لئے جنت میں سُرخ یاقوت کاگھربناتاہے جس میں ساٹھ ہزاردروازے ہوں گے اورہردروازے کے پَٹ سونے کے بنے ہوں گے جن میں یاقوت سرخ جڑے ہوں گے۔

پس جوکوئی ماہِ رمضان کاپہلاروزہ رکھتاہے تواللہ مہینے کے آخردن تک اُس کے گناہ معاف فرمادیتاہے اوراُس کے لئے صبح سے شام تک سترہزارفرشتے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں ۔رات اوردن میں جب بھی وہ سجدہ کرتاہے اس کے ہرسجدہ کے عِوض (یعنی بدلے)اُسے (جنت میں)ایک ایک ایسادرخت عطاکیاجاتاہے کہ اُس کے سائے میں گُھڑسوارپانچ سوبرس تک چلتارہے ۔(شُعب الایمان) عربی زبان میںرمضان کامادہ رمض ہے جسکامعنی سخت گرمی اورتپش ہے رمضان میں چونکہ روزہ داربھوک وپیاس کی حدت اورشدت محسوس کرتاہے اس لئے اسے رمضان کہاجاتاہے۔ارشادباری تعالیٰ ہے ۔اے ایمان والو!تم پرروزے فرض کیے گئے جیسے اگلوں پرفرض ہوئے تھے کہ کہیں تمہیں پرہیزگاری ملے۔(سورة البقرة )اس آیت کریمہ میں عربی زبان کالفظ صیام یاصوم اس کے لغوی معنی اوراصلاحی معنی لغت میں صوم کامطلب ہوتاہے۔اَلْاِمْسَاکُ وَالْکَفُّ عَنِ الشَّیئِ” کسی شے سے رک جاناکسی شے سے بازرہنا”قرآن مجیدفرقان حمیدمیں حضرت مریم علہیاالسلام کاتذکرہ موجودہے کہ جب وہ قوم کی طرف آئیں توان کے پاس ان کے بیٹے حضرت عیسیٰ علیہ السلام موجودتھے اورانہیں خدشہ تھاکہ لوگ مجھ پر تنقید کریں توخالق کائنات اللہ رب العالمین نے ان سے کہا۔قُوْلِی جب لوگ تم سے پوچھیں توتم کہہ دینا اِنِّیْ نَذَرْتُ لِلرَّحْمٰنِ صَوْماًمیں نے اللہ پاک کے روزے کی منت مانی ہے ۔فَلَنْ اُکَلِّمَ الْیَوْمَ اِنْسِیَّاتو میں کسی آدمی سے گفتگونہیں کروں گی ۔جوبھی تجھ سے پوچھے کہ شادی کے بغیریہ بچہ کیسے پیداہواتوتم اس سے کہہ دیناکہ میں نے رحمٰن کے لیے روزے کی نذرمانی ہے لہذامیں کسی سے گفتگونہیں کروں گی۔قرآن مجیدکے اس مقام پربات کرنے سے رکنااورجواب نہ دینااس کوصوم کہاگیاہے تویہ لغت میں صوم کامعنی ہے کہ کسی چیزسے بازرہنااوررک جاناخواہ کوئی چیزہوکوئی امرہواس لحاظ سے لفظ صوم کواستعمال کیاگیاہے ۔ اس لحاظ سے شرعی اصطلاح کے اندرجب ہم یہ لفظ بولتے ہیں اسکاخاص مفہوم ہوتاہے ۔شریعت میں روزہ سے مرادیہ ہے کہ دن کے وقت ایسی تمام چیزوں سے بازرہناجس سے روزہ ٹوٹ جاتاہے اوریہ بازرہنانیت کی وجہ سے ہواوراس کاوقت طلوع فجرسے لے کرغروب آفتاب تک ہے اورنیت اس کی طرف سے ہوکہ جونیت کااہل ہے ایسی حیثیت کوروزہ کہاجائے گا۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں قرآن پاک لوح محفوظ سے سمائے دنیاپرنازل ہواجولوگوں کے لئے سراپا ہدایت ہے اورحسب ضرورت تھوڑاتھوڑا23برس میں نازل ہوتارہا۔ رمضان المبارک کی پہلی رات میں صحف ابراہیم چھٹی رات میں تورات اورتیرہویں رات میں انجیل اورآٹھ یابارہ تاریخ کوزبورنازل ہوئی ۔ سی ماہ مبارک میں اللہ رب العزت کی طرف سے قرآن مجید ہمارے نبی کریم رئوف ورحیم ۖ پرنازل ہوا۔ ماہ رمضان کوکلام الٰہی کے ساتھ خاص نسبت اورتعلق ہے ۔اسی لئے اسلاف صالحین سے قرآن پاک کی کثرت تلاوت رمضان پاک میں منقول ہے۔امام اعظم اس ماہ مبارک میں اکسٹھ بارقرآن پاک ختم کرتے تھے تیس دن میں تیس رات میں اورایک تراویح میں امام شافعی اس ماہ میں ساٹھ بارقرآن مجیدختم کیاکرتے تھے۔قرآن مجیدفرقان حمیداللہ رب العزت کی آخری کتاب ہے جوسب کتابوں کی تصدیق کرنے والی ہے یہ ہمارے نبی کریم ۖ پرنازل ہوئی جونبی کریم ۖتمام نبیوں کاسردارقرآن مجید ہمارے نبی علیہ الصلوٰة والسّلام کاکتنابڑامعجزہ ہے جوقیامت تک ہمارے پاس موجودہے اسکی حفاظت کا ذمہ خودخالق کائنات نے لیاہے پہلی کتابوں میں ردل بدل ہوتارہالیکن قرآن پاک ایک ایسی کتاب ہے جس میں قیامت تک ردل بدل کوئی نہیں کرسکتااللہ رب العزت اپنی کتاب میں ارشادفرماتاہے کہ اگرمیں قرآن پاک کوپہاڑوں پرنازل کرتاتوپہاڑبھی میرے خوف کی وجہ سے ریزہ ریزہ ہوجاتے قرآن کی شان بھی بہت ہے کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کاکلام ہے تمام کتابوں کی تصدیق کرنے والاہے جس طرح ہم قرآن کی شان کومانتے ہیں اس سے محبت کرتے ہیں اسکی تلاوت کرتے ہیں تواسی طرح صاحب قرآن (نبی کریم ۖ)کی شان بھی مانیں آقاۖسے محبت کریں کیونکہ قرآن بھی ہمیں نبی کریم ۖ کے صدقے ملاہے قرآن بھی شان والامیرانبیۖبھی شان والے !میرے آقاۖ مکہ میں تھے توقرآن مکہ میں نازل ہوا میرے آقاۖ مدینہ میںتھے توجبرائیل قرآن لیکرمدینہ میں آئے میرے آقاۖمیدان جہادمیں تھے توقرآن میدان جہادمیں نازل ہوا۔میرے آقاۖ غارحرایاغارثور میںتھے توقرآن وہاں پر نازل ہوا۔

اگر میرے محبوب اپنے گھرمیں تھے توقرآن پاک گھرمیں نازل ہوایہ مقام ومرتبہ اللہ رب العزت نے ہمارے نبیۖ کوعطاکیاہے۔ پوراقرآن میرے نبی ۖ کی تعریف سے بھرا ہوا ہے ۔قرآن کی محبت تب ہی ہم کوکام آئے گی جب صاحب قرآن کی محبت ہمارے دلوں میں ہوگی۔ اس میں شک شبہ کی گنجائش ہی نہیں کہ کلام الٰہی ایک عظیم نعمت ہے جسکے نزول کے لئے اس مہینہ کاانتخاب درحقیقت اس بات کااعلان ہے کہ یہ مہینہ خداکی بے انتہارحمتوں کے نزول کامہینہ ہے لیکن ان نعمتوں سے فائدہ اہل ایمان ہی کونصیب ہوتاہے جیساکہ بنجرزمین میں جتنی بارشیں بھی ہوتی رہیں اس میں اگانے کی قوت پیدانہ ہوگی۔حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ آقاعلیہ الصّلوٰة والسلام نے ارشادفرمایا”جوشخص بحالت ایمان ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتاہے اسکے سابقہ گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔قیام رمضان کی فضیلت سے متعلق حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ حضورۖنے ارشادفرمایا”جس نے رمضان میں بحالت ایمان وثواب کی نیت سے قیام کیاتواسکے سابقہ تمام گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔درج بالا حدیث مبارکہ میں ایمان کاذکرہے ایمان ہے کس چیزکانام اس کاجواب ہم آقاعلیہ الصلوٰة والسّلام کے بارگاہ سے لیتے ہیںجو خودبنائے ایمان ہیں ایمان عطاکرنے والے ہیں جواب ملتاہے “ایمان والاوہ ہے جواپنی جان ماں باپ اولادبلکہ کائنات کی ہرچیزسے بڑھ کرمجھ(آقاعلیہ الصلوٰة )سے محبت کرتاہے وہ صاحب ایمان ہے ۔پتاچلاجوآقاۖ سے محبت نہیں کرتااسکا ایما ن مکمل نہیں۔اسی طرح اس حدیث میں یہ بات روزروشن کی طرح واضح ہے کہ گناہ اسکے بخشیں جائیں گے جس نے ایمان واحتساب یعنی ایمان اور خلوص سے عبادت کی روزہ رکھااسکے گناہ معاف ہوں گے۔جب ماہ رمضان کامہینہ شروع ہوتاتوحضورۖ قیدیوں کوچھوڑدیاکرتے تھے اورہرمانگنے والے کو دیا کرتے تھے۔

Ramzan ul Mubarak

Ramzan ul Mubarak

حضرت سیدناضمرہ سے مروی ہے کہ نبی کریمۖنے ارشادفرمایا”ماہِ رمضان میں گھروالوں کے خرچ میں کُشادگی کروکیونکہ ماہِ رمضان میں خرچ کرنااللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے کی طرح ہے ۔(الجامع الصغیر)ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ سے مروی ہے “جب ماہ رمضان شروع ہوتاتورسولۖ کارنگ متغیرہوجاتاآپ ۖ کی نمازوں میں اضافہ ہوجاتااللہ تعالیٰ سے گڑگڑاکردعاکرتے اوراسکاخوف طاری رکھتے “۔رمضان المبارک میں جتنی زیادہ عبادت کی جائے اتنی کم ہے کیونکہ اس مہینہ میں نفل کاثواب عام مہینوں کے فرضو ں کے برابرملتاہے اورفرض کاثواب عام مہینوں کے سترگنازیادہ بلکہ سات سوگناتک ملتاہے۔حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ آقاعلیہ الصّلوٰة والسّلام نے فرمایاکہ جب رمضان کامہینہ تشریف لاتاہے توآسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اورایک روایت میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اوردوزخ کے سب دروازے بندکردئیے جاتے ہیں اورشیاطین زنجیروں میں جھکڑدیئے جاتے ہیں”۔(بخاری،نسائی)کتنی عظمت والامہینہ ہے جس میں امت مصطفےٰ ۖ کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اوردوزخ کے تمام دروازے بندکردیئے جاتے ہیں۔حضرت ابن عمر سے روایت ہے کہ حضورۖنے فرمایا”بیشک جنت ابتدائے سال سے آئندہ سال تک رمضان پاک کے لئے آراستہ کیجاتی ہے فرمایاجب ماہ رمضان کاپہلادن آتاہے تو جنت کے پتوں سے عرش کے نیچے ہواسفیداوربڑی آنکھوں والی حوروں پرچلتی ہے تووہ کہتی ہیں اے پروردگاراپنے بندوں سے ہمارے لئے انکوشوہربناجن سے ہماری آنکھیں ٹھنڈی ہوں اورانکی آنکھیں ہم سے ٹھنڈی ہوں۔(مشکوٰة شریف) حضرت سیدناعبداللہ ابن مسعود سے روایت ہے کہ آقاۖنے ارشاد فرمایا”رمضان شریف کی ہررات آسمانوںمیںصبح صادق تک ایک منادی یہ نداکرتاہے اے اچھائی مانگنے والے !مکمل کر(یعنی اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی طرف آگے بڑھ)اورخوش ہوجااوراے شریر!شَرسے بازآجااورعبرت حاصل کر۔ہے کوئی مغفرت کاطالب کہ اس کی طلب پوری کی جائے ۔ہے کوئی توبہ کرنیوالا!کہ اس کی توبہ قبول کی جائے۔

ہے کوئی دعا مانگنے والا!کہ اس کی دعاقبول کی جائے ۔ہے کوئی سائل!کہ اس کاسوال پوراکیاجائے ۔اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کی ہرشب میں اِفطارکے وقت ساٹھ ہزارگناہ گاروں کودوزخ سے آزادفرمادیتاہے ۔اورعیدکے دن سارے مہینے کے برابرگناہ گاروں کی بخشش کی جاتی ہے۔(درِمنثور)حضرت سیدناابوہریرہ سے مروی ہے آقاۖنے ارشادفرمایا”پانچوں نمازیں اورجمعہ اگلے جمعہ تک اورماہِ رمضان اگلے ماہِ رمضان تک گناہوں کاکفارہ ہیں جب تک کہ کبیرہ گناہوں سے بچاجائے ”۔(مسلم شریف)حضرت جابربن عبداللہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ۖ نے فرمایامیری امت کوماہ رمضان میں پانچ تحفے ملے ہیںجواس سے پہلے کسی نبی کونہیں ملے۔1۔”پہلایہ کہ جب ماہِ رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تواللہ تعالیٰ ان کی طرف نظرالتفات فرماتاہے اورجس پراللہ پاک کی نظرپڑجائے اسے کبھی عذاب نہیں دے گا۔
2۔”دوسرایہ کہ شام کے وقت انکے منہ کی بواللہ تعالیٰ کوکستوری کی خوشبوسے بھی زیادہ اچھی لگتی ہے”
3۔”تیسرایہ کہ فرشتے ہردن اورہررات ان کے لئے بخشش کی دعاکرتے رہتے ہیں”۔
4۔”چوتھایہ کہ اللہ تعالیٰ اپنی جنت کوحکم دیتے ہوئے کہتاہے میرے بندوں کے لئے تیاری کرلے اورمزین ہوجاقریب ہے وہ دنیاکی تھکاوٹ سے میرے گھراورمیرے دارِرحمت میں پہنچ کرآرام حاصل کریں۔

5۔”پانچواں یہ کہ جب (رمضان)کی آخری رات ہوتی ہے ان سب کوبخش دیاجاتاہے “۔ایک صحابی نے عرض کیا!کیایہ شب قدرکوہوتاہے؟ آپ ۖ نے فرمایانہیں کیاتم جانتے نہیں ہوکہ جب مزدورکام سے فارغ ہوجاتے ہیں تب انہیں مزدوری دی جاتی ہے”۔(الترغیب والترہیب ) آقاۖنے فرمایاکہ آدمی کے ہراچھے عمل کاثواب دس10گناسے سات 700گناتک بڑھایاجاتاہے مگراللہ تعالیٰ کاارشادہے کہ روزہ اس عام قانون سے مستثنیٰ ہے۔وہ بندہ کی طرف سے میرے لئے ایک تحفہ ہے اورمیں اسکا(جسطرح چاہوںگا)اجردوںگا۔ میرابندہ میری رضاکے واسطے اپنی خواہش نفس اور کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے (پس میں ہی اسکاصلہ دونگا)روزہ دارکے لئے دوخوشیاں ہیں ایک افطارکے وقت اورایک اپنے رب کی بارگاہ میں حضوری کی اورقسم ہے کہ روزہ دارکے منہ کی بواللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبوسے بھی بہترہے اورروزہ(دنیامیں شیطان کے حملوں سے بچائواورآخرت میں دوزخ کی آگ سے حفاظت کے لئے ) ڈھال ہے اورجب تم میں سے کسی کاروزہ ہوتواسکوچاہیے بے ہودہ اورفحش باتیں نہ کرے اورشوروغل نہ مچائے اوراگرکوئی دوسرااس سے جھگڑاکرے توکہ دے کہ میں روزہ دارہوں۔(صحیح بخاری وصحیح مسلم شریف)نبی کریم رئوف رحیم ۖ نے فرمایاکہ جس نے روزہ کی حالت میں بھول کرکچھ کھاپی لیاتواس سے اس کاروزہ نہیں ٹوٹا(اس لئے)وہ قاعدہ کے مطابق اپناروزہ پوراکرے کیونکہ اس کواللہ نے کھلایاپلایاہے۔.جس خوش نصیب انسان نے ماہ رمضان کاپوراپورااحترام کیاہوگاکل بروزقیامت ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس بندہ کے لئے عزت ووقارکے تاج پہنانے کی درخواست کرے گا۔روایت میں آتاہے”کہ روزقیامت رمضان المبارک اچھی صورت میں تشریف لائیگاپس خداکے حضورسجدہ کرے گااوراسے کہاجائیگاجس نے تیراحق پہچانا ہے اسکاہاتھ پکڑلوپس وہ اس شخص کاہاتھ پکڑیگاجس نے اسکاقدرپہچاناہوگااورخداکے سامنے کھڑاہوجائے گاپس کہاجائیگاتوکیاچاہتا ہے پس عرض کرے گاپروردگاراس شخص کوعزت ووقارکاتاج پہناپس اسے تاج پہنایاجائیگا”۔حضرت سیدناعبداللہ ابن عباس سے روایت ہے کہ نبی کریمۖنے ارشاد فرمایا”اللہ تعالیٰ ماہِ رمضان میںروزانہ اِفطارکے وقت دس لاکھ ایسے گناہ گاروں کوجہنم سے آزادفرماتاہے جن پرگناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہو چکا تھا۔

نیز شبِ جمعہ اورروزِ جمعہ (یعنی جمعرات کوغروب آفتاب سے لے کرجمعہ کے غروب آفتاب تک)کی ہرہرگھڑی میں ایسے دس دس لاکھ گناہ گاروں کوجہنم سے آزادکیاجاتاہے جوعذاب کے حقدارقراردیئے جاچکے ہوتے ہیں۔(کنزالعمال)حضرت عبداللہ بن عمر روایت کرتے ہیں کہ رسول خداۖنے فرمایا”کہ روزے اورقرآن پاک بندے کی شفاعت کرینگے روزے عرض کرینگے اے پروردگارمیں نے اس بندہ کوکھانے پینے اور نفسانی خواہش سے دن میں روکاہے پس اسکے حق میں میری شفاعت قبول فرما اور قرآن عرض کریگامیںنے اسے رات میں سونے سے روکاہے پس اسکے حق میں میری شفاعت قبول فرماپس دونوں کی شفاعت قبول کی جائے گی۔(بیہقی)ثابت ہواکہ قیامت کے دن جب دنیاکے دوست بیزاری کااعلان کردینگے روزے اورقرآن اس نازک وقت میں انسان کاساتھ دینگے اوربارگاہ خدامیں شفاعت کراکرجنت میں پہنچادینگے۔ جب قیامت کے دن روزے اورقرآن کویہ اختیارحاصل ہوگاکہ بندوں کی شفاعت کرائیں جوخودصاحب قرآن ہے جس پر قرآن اتراکیااللہ رب العزت کی بارگاہ میں ہماری شفاعت نہیں کرینگے؟جس نبی کریم ۖ کے صدقے ہم کورمضان ملااس نبی ۖکوکیایہ اختیارحاصل نہ ہوگا۔خداکی قسم روزے اورقرآن تب ہی ہماری شفاعت کرینگے جب کہ کائنات کی ہرچیزسے بڑھ کرہماری محبت نبی کریم ۖ سے ہوگی جسکونبی ۖ سے دنیامیں محبت نہ ہوگی اسکوقیامت کے دن اعمال فائدہ نہیں دینگے۔ غیبت اوردیگرگناہ سے روزہ بھاری ہوجاتاہے یہی وجہ ہے کہ نیکوکاروں کوروزہ کی سختی محسوس نہیں ہوتی حالانکہ گناہ گاروزہ میں بہت شدت اورسختی محسوس کرتا ہے۔

درج ذیل باتیں جوروزہ کی حالت میں مکروہ ہیں ۔
٭گوندچبانایاکوئی اورچیزمنہ میں ڈالے رکھنا۔
٭بلاضرورت کسی چیزکاچکھنا،البتہ جس عورت کاخاوندسخت اوربدمزاج ہواسے زبان کی نوک سے سالن کامزہ چکھ لیناجائزہے۔
٭کلی یاناک میں پانی ڈالنے میں مبالغہ کرنا۔
٭منہ سے بہت ساتھوک جمع کرکے نگلنا۔
٭غیبت کرنا،جھوٹ بولنا،گالی گلوچ کرنا۔بھوک یاپیاس کی بے قراری اورگھبراہٹ کوظاہرکرنا۔
٭نہانے کی حاجت ہوتوغسل کوقصداََ صبح صادق کے بعدتک مئوخرکرنا۔
٭صوم وصال کے روزے رکھنااگرچہ دوہی دن کاہو۔
روزوں کی قضاکے احکام کی درج ذیل تین صورتیں ہیں۔
1۔اگرکوئی آدمی روزے کی حالت میں بھول کرکھاپی لے اس پرنہ قضاہے اورنہ کوئی کفارہ خواہ وہ رمضان کاروزہ ہویاغیررمضان کا
2۔اگرکوئی آدمی رمضان میںروزہ کی حالت میں بلاعذرقصداََکھالے یاپی لے تواس پرقضااورکفارہ دونوں لازم ہیں
3۔اگرکوئی رمضان میں روزہ کی حالت میں کسی عذرکی وجہ سے یعنی سفریامرض میں روزہ توڑدے تواس پرقضاواجب ہوگی کفارہ ضروی نہیں ۔
اللہ رب العزت سے دعاگوہوں کہ اللہ پاک ہمیں ماہ رمضان المبارک کے مہینے کاادب واحترام اوراس میں خوب ذوق وشوق کے ساتھ عبادت کرنے کی توفیق عطافرمائے ۔تاکہ بروزقیامت ہم آقاۖکی شفاعت اورجنت کے حقداربن جائیں۔آمین بجاہ النبی الامین

Hafiz Kareem Ullah Chishti

Hafiz Kareem Ullah Chishti

تحریر : حافظ کریم اللہ چشتی
پائی خیل ضلع میانوالی
0333.6828540