کراچی : سندھ حکومت نے نئے منصوبوں کے لئے ایک ارب 83 کروڑ کے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا جبکہ کراچی کی شاہراہیں ،فلائی اوور ز تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ڈرگ روڈ فلائی اوور کے ساتھ ساتھ ناتھا خان گوٹھ پل بھی ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نئے منصوبوں کے لئے فنڈز کا اعلان کررہی ہے لیکن کراچی کی شہ رگ شاہراہ فیصل پر ناتھا خان گوٹھ پل پر بھی 4فٹ طویل شگاف پڑ چکا ہے جبکہ ناتھا خان گوٹھ پل کے دو مزید مقام پر ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے جبکہ ڈرگ روڈ فلائی اوور بھی ایک ہفتے میں دوسری بار شگاف پڑ جانے کے باعث بدترین ٹریفک جام کا باعث بن رہا ہے۔
جبکہ 1998ء میں ڈرگ روڈ فلائی اوور کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا اور پہلی بار 1999ء میں ہی شگاف پڑ گیا تھا جبکہ تا حال ایک درجن سے زائد شگاف پڑنے اور اس کی مرمتکے بعد ڈرگ روڈ فلائی اوور دنیا کا واحد فلائی اوور ہے جس پر اسپیڈ بریکر بھی بن چکے ہیں اور ٹریفک پولیس 3سال پہلے اس فلائی اوور کو مہندم کرنے کی رپورٹ دے چکی ہے تاکہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے جبکہ ڈرگ روڈ فلائی اوور کے ایک بار پھر شگاف پڑنے سے ڈرگ روڈ سے اسٹار گیٹ تک بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔