آمدنی میں اضافہ ، ریلوے کا مسافروں کو ڈائننگ کار کی سہولت سے محروم کرنے کا فیصلہ

Railway

Railway

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ریلوے کا آمدنی میں اضافے کے لئے انوکھا فیصلہ ، ریلوے نے مسافروں کو ڈائننگ کار کی سہولت سے محروم کرنے اور ملازمین کے آرام کی جگہ ختم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ۔ محکمہ ریلوے اپنی بہتر پالیسیوں کے باعث مسافروں کی سہولت میں اضافے اور خسارے کو بتدریج کم کرتے ہوئے ترقی کے سفر پر گامزن ہے ، لیکن اس کے ساتھ ہی محکمے نے آمدنی بڑھانے کے لئے سفری سہولیات کم کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے ۔ مسافروں کو ڈائننگ کار کی سہولت سے محروم کر کے اس کی جگہ ایک مسافر کوچ کا اضافہ کر دیا جائے ۔

اس تجویز پر مسافر نالاں نظر آتے ہیں ۔ محکمے کی تجویز سے ڈائننگ کار کے ملازمین بھی خوش نہیں ، ان کا کہنا ہے کہ بے شمار افراد بے روزگار ہو جائیں گے جبکہ ان کے آرام کی واحد جگہ بھی چھن جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ڈائننگ کار کی مد میں محکمے کو ہر ٹرین سے سالانہ ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی آمدنی ہو تی ہے جبکہ مسافر کوچ کے اضافے سے محکمے کو پانچ کروڑ کی اضافی آمدنی ہو گی جبکہ ایک چھوٹے کچن کے ذریعے مسافروں کے لئے کھانے کی سروس بھی جاری رہے گی ۔