اسلام آباد (جیوڈیسک) نادرا نے سولہ ڈائریکٹر جنرل کی اسامیاں ختم کر دی جبکہ سمارٹ کارڈ کی فیس 1500 سے کم کر کے 400 کر دی گئی ہے ، فیس میں واضح کمی کا مقصد شہریوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔
وزارت داخلہ نے نادرا سے ڈائریکٹر جنرل کی 16 اسامیاں ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا میں 26 ڈائریکٹر جنرل کام کر رہے تھے جو کہ اب کم ہو کر 10 رہ جائیں گے ۔ نادرا ہیڈ کوارٹر میں اب 5 فیلڈ ڈائریکٹر جنرل رہ گئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ملا منصور کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے 4 مرتبہ نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ہدایات جاری کیں جس کے بعد نادرا میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوئی ۔
دوسری جانب نادرا نے اسمارٹ کارڈ کی فیس میں بھی کمی کر دی ہے ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 کے بجائے 400 وصول کی جائے گی ۔ ارجنٹ کارڈ کی فیس 800 جبکہ ایگزیکٹو سمارٹ کارڈ کی فیس 1600 ہو گی ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق واضح کمی کا مقصد شہریوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔