اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نے پاور سیکٹر پر اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2015 اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی۔
رپورٹ میں نیپرا نے بجلی کی طلب اور شارٹ فال کے حوالے سے وزارت پانی و بجلی کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ نہیں بلکہ 7 ہزار میگاواٹ ہے اور بجلی کا موجودہ ٹرانسمیشن نظام نئے پاور پلانٹس کی بجلی تقسیم کرنے کے قابل نہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں بجلی کی طلب 2 ہزار میگاواٹ کے اضافے کے بعد 23 ہزار 711 میگاواٹ ہے۔ بجلی کی پیداواری صلاحیت 23 ہزار617 میگاواٹ جبکہ 16ہزار 700 میگاواٹ پیدا کی جاری ہے۔
ٹرانسمشن سسٹم کی حالت انتہائی کمزور ہونے کے باعث سستی بجلی پیدا کرنیوالے پلانٹس پوری صلاحیت پر نہیں چلائے جا رہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں 60 فیصد ٹرانسفارمرز پر صلاحیت سے80 فیصد اضافی بوجھ ہے جس کے باعث بھاری نقصان ہو رہا ہے۔