اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں یکم جون کے شدید طوفان سے محکمہ موسمیات کی بے خبری کا نوٹس لے لیا۔
محکمہ موسمیات کو کہا گیا ہے کہ رپورٹ پیش کی جائے طوفان کی بروقت پیش گوئی کیوں نہیں ہو سکی۔ وزیر اعظم نواز شریف محکمہ موسمیات پر برہم، طوفان کی پیشگی اطلاع نہ دینے پر وزیر اعظم کا نوٹس، رپورٹ طلب۔
ڈی میٹ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے محکمہ موسمیات جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے باوجود شدید طوفان سے عوام کو بروقت خبردار کرنے میں کیوں ناکام رہا۔ غفلت کے باعث قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا۔
یکم جون کو آنے والے طوفان کے باعث اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ 55 سے زائد گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔