نرسوں، ٹیچرز، بھٹہ سروے ٹیموں کے مظاہرے، مال روڈ احتجاج روڈ میں تبدیل

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) احتجاج، احتجاج، احتجاج، جینا ہو گا مرنا ہو گا دھرنا ہو گا دھرنا ہو گا، یہ وہ آوازیں ہیں کہ جن سے ان دنوں لاہور کی مال روڈ سارا دن گونجتی رہتی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے نرسوں کا اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔

اولڈ نرسز نے حکومتی یقین دہانی پر مطمئن ہو کر احتجاج ختم کر دیا ہے لیکن مذاکرات کی ناکامی کے بعد ینگ نرسز نے پنجاب بھر میں ایمرجنسی میں بھی کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب پرائمری سرکاری سکولز کی نجکاری کے خلاف اساتذہ بھی مال روڈ پر آ گئے ہیں۔ اساتذہ نے پہلے ایوان وزیر اعلیٰ کے سامنے احتجاج کیا اور پھر نرسز کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے سامنے آ بیٹھے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب میں بھٹوں کی سروے ٹیمیں بھی تنخواہ نہ ملنے پر ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے کچھ دیر احتجاج کرتے دکھائی دیئے۔ مظاہروں سے مال روڈ پر ٹریفک جزوی طور پر بلاک ہونے کے سبب سارا دن شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔