تیری چاہت، تیری ہر بات دنیا سے چھپاتے ہیں
Posted on June 4, 2016 By Mohammad Waseem آپکی شاعری, شاعری
تیری چاہت، تیری ہر بات دنیا سے چھپاتے ہیں
ہم اپنے درد کی سوغات دنیا سے چھپاتے ہیں
بہت بے کل ہوئے جاتے ہیں گرچہ دردہجراں سے
ترے بخشے ہوئے صدمات دنیا سے چھپاتے ہیں
خداوندا! یہ کیسا دورِ بے توقیر آیا ہے
خلوص و مہر کے جذبات دنیا سے چھپاتے ہیں
خوشی کا ایک بھی لمحہ سبھی کے نام کرتے ہیں
غموں کی نت نئی آفات دنیا سے چھپاتے ہیں
اسی کو ضبط کہتے ہیں یہی ہے صبر کی دولت
ترے بارے میں سب خدشات دنیا سے چھپاتے ہیں
جِسے تقدیر نے ساحل ہمارے نام کر ڈالا
وہی اشکوں بھری برسات دنیا سے چھپاتے ہیں
Sad Couple
تحریر : ساحل منیر