پراویڈینس (جیوڈیسک) جنوبی افریقی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمر ان طاہر روزے رکھ کر میچز کھیلیں گے۔
ویسٹ انڈیز میں سہہ ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ جاری ہے۔ ایونٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے علاوہ آسٹریلوی ٹیم بھی شریک ہے، تینوں ٹیموں میں مجموعی طور پر پانچ مسلمان کرکٹرز شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے دوران ہی رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہوجائے گا اور کچھ میچز روزے کے اوقات میں ہی ہوں گے۔
جنوبی افریقا کی ٹیم میں شامل ہاشم آملہ اور پاکستانی نژاد عمران طاہر ماہ صیام میں روزے کی حالت میں میدان میں اتریں گے۔
عمران طاہر نے ایک انٹرویو میں کہاکہ رمضان المبارک میں روزے رکھنے سے بطور پروفیشنل کرکٹر میری پرفارمنس متاثر نہیں ہوگی۔ اپنے مذہبی ارکان پورے کرتے ہوئے پروفیشنل اسپورٹس میں توازن قائم رکھنے کو میں مشکل خیال نہیں کرتا،اگر آپ درست راستہ اختیار کریں تو یہ بہت آسان ہوجاتا ہے۔