ٹی ایم اے انتظامیہ نے عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے کمر کس لی شہریوں کو رمضان میں ریلیف دیا جائے گا

Ramadan

Ramadan

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ٹی ایم اے انتظامیہ نے عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے کمر کس لی ہے۔ شہریوں کو ماہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا اس حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دیئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ٹی ایم اے افسران، ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر محمد انور بریار، ٹی ایم او قیصر امین وڑائچ نے سنیئر صحافیوں عقیل احمد خان لودھی،شکیل احمد اعوان سے خصوصی ملاقات میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ورک پلان مکمل کرلیا گیا ہے رمضان المبارک میں گلی محلوں کی صفائی کے علاوہ روزہ داروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے واٹر فلٹر پلانٹس کو بلا تعطل چالو رکھا جائے گا، سٹریٹ لائٹس کو چیک کیا جارہا ہے تا کہ عوامی رستوں پر روشنیوں کی کمی نہ ہو، سیوریج مسائل کے خاتمہ کیلئے ملازمین کو ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ یوٹیلٹی سٹور ز پر روزمرہ استعمال کی عام اشیاء پر ریلیف دینے کے علاوہ شہروں میں رمضان بازار وں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے وزیرآباد شہر کے علاوہ گکھڑ، علی پور چٹھہ اور دیگر مقامات پر لگائے جانے والے رمضان بازاروں سے لوگ سستی اشیاء خرید کر حکومت کے عوامی منصوبوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ قیصر امین وڑائچ نے کہا کہ شہر سے تجاوزات پر پہلے ہی قابو پایا جاچکا ہے جبکہ ریڑھیوں ، چھابڑی فروشوں اور رکشہ مالکان کی طرف سے قائم کی جانے والی عارضی تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بناکر انسانی آمدورفت اورٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے عوامی منصوبوں میں بہتری لانے کیلئے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تجاوز کنندگان رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کرکے محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔