سیمنٹ کی مجموعی فروخت 11 ماہ میں 10.5 فیصد بڑھ گئی

Cement

Cement

کراچی (جیوڈیسک) سیمنٹ کی مجموعی فروخت گزشتہ 11 ماہ میں 10.55 فیصد کے اضافے سے 35.523 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2015 سے مئی 2016 کے دوران شمال کے کارخانوں کی مجموعی فروخت 16.64 فیصد اضافے سے 24.667 ملین ٹن جبکہ جنوب کی فیکٹریوں کی فروخت 23.7 فیصدبڑھ کر 5.37 ملین ٹن رہی، رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی طلب 17.84 فیصد اضافے سے 30.03 ملین ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 25.49 ملین ٹن تھی تاہم اس دوران سیمنٹ کی برآمدات 17.41 فیصد کی کمی سے 5.48ملین ٹن رہ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.64 ملین ٹن رہی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق سیمنٹ کی مئی میں مقامی فروخت 22.78 فیصد اضافے سے 3.06 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال اس ماہ میں 2.49 ملین ٹن تھی، ایکسپورٹ مئی 2015 کی 5 لاکھ 60 ہزار ٹن کے مقابل رواں سال مئی میں معمولی کمی سے 5 لاکھ 58 ہزار ٹن رہی، گزشتہ ماہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت 18.52 فیصد اضافے کے نتیجے میں 3.056 ملین ٹن سے بڑھ کر 3.622 ملین ٹن ہو گئی، زون کے اعتبار سے شامل کی ملز کی مئی میں فروخت 22.31 فیصد اضافے سے 2.5 ملین ٹن اور جنوب کی ملوں کی 24.9 فیصد اضافے سے 5لاکھ 63 ہزار 942 ٹن تک پہنچ گئی۔