اسلام آباد (جیوڈیسک) حج کرپشن کیس میں قید و جرمانے کی سزا پانے والے سابق وزیرمذہبی امور حامد سعید کاظمی نے عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2009 میں حاجیوں کے لئے جو عمارتیں کرائے پر حاصل کی گئیں اس میں حامد سعید کاظمی کا کوئی کردار نہیں تھا جب کہ مقدمے میں ان کا نام سیاسی دباؤ میں آکر ڈالا گیا۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حاجیوں کے لئےجو عمارتیں کرائے پرحاصل کی گئیں تھیں اس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا اور عدالت میں بھی ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا جس سے یہ بات ثابت ہوسکے کہ حامد سعید کاظمی بدعنوانی میں ملوث تھے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر کی جانب سے سنائی گئی 16 سال قید اور جرمانے کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔
واضح رہے کہ حج کرپشن کیس میں عدالت نے سابق وفاقی وزیرمذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ شریک مجرم سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کو 40 سال اور ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کو 16 سال قید کی سزا سنائی گئی۔