امریکا (جیوڈیسک) عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عوام کے مطالبے پر مرحوم باکسر کی زندگی پر بننے والی فلم کو ایک بار پھر امریکا کی کئی اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ محمد علی کا انتقال رواں ماہ 4 جون کو 74 برس کی عمر میں ہوا، وہ سانس کے عارضے میں مبتلا تھے۔
ہولی وڈ رپورٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق سونی کے صدر روری بریئر کا کہنا تھا ’محمد علی کے انتقال کے بعد ہمیں ان کی سوانح حیات پر مبنی فلم کو ایک مرتبہ پھر پیش کرنے کے بہت سے پیغامات موصول ہوئے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا ’اس فلم میں محمد علی کو صحیح معنوں میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، ایک ایسا شخص جس کے کھیل کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی سے بھی لوگ بے حد متاثر تھے۔ محمد علی واقعی عظیم تھے اور اس فلم کے ذریعے ان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا‘۔
فلم ’علی‘ 2001 میں ریلیز ہوئی، جس نے دنیا بھر میں تقریباً 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا منافع حاصل کیا تھا۔ اس فلم میں ول سمتھ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جو محمد علی کے بہت بڑے مداح بھی ہیں۔ انہوں نے محمد علی کے انتقال کے بعد فیس بک پر ایک پیغام کے ذریعے اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا۔
وہ محمد علی کی آخری رسومات ادا کرنے والوں میں بھی شامل ہوں گے۔