کراچی (جیوڈیسک) اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز این ایل 901 میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث پائلٹ کو کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کروانا پڑی۔ پائلٹ پہلے کافی دیر تک فضاء میں چکر لگا کر طیارے کا ایندھن ختم کرتا رہا تاکہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے کا فیول آگ نہ پکڑ سکے۔
شاہین ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ سے قبل کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر کے رن وے پر لائٹیں جلا دی گئیں۔ طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے متعدد افراد سوار تھے۔ اسلام آباد سے ٹیک آف کے بعد طیارے کا ٹائر پھٹ گیا تھا۔
متاثرہ طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن لاہور میں موسم خراب ہونے کے باعث طیارہ لینڈ نہ کر سکا۔ طیارے نے لینڈنگ سے قبل کراچی کی حدود میں 4 چکر لگائے۔
کپتان طیارے کو چکر لگوا کر اس کا فیول ختم کر رہا تھا تاکہ آگ لگنے کے خدشات کم ہو سکیں۔ لینڈنگ کے وقت ایمبولینسز بھی رن وے پر طلب کر لی گئی تھیں۔