کراچی (جیوڈیسک) آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا، آئندہ سیزن میں وہ کسی اور ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے اولین ایڈیشن میں شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کی قیادت کے فرائض انجام دیے، ان کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم تیسرے کوالیفائنگ فائنل میں اسلام آباد یونائٹیڈ سے 50 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ کے بعد ٹیم اونر جاوید آفریدی سے شاہد کے تعلقات میں دراڑ آ گئی۔
کئی پروموشنل ایونٹس میں بھی وہ شریک نہ ہوئے جس کے بعد دوریاں مزید بڑھ گئیں،اسی لیے آل راؤنڈر نے فیصلہ کر لیا کہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کیلیے کسی اور فرنچائز سے معاہدہ کریں گے، اس ضمن میں ان کی چند سے ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی ہے، یاد رہے کہ شاہد آفریدی ان دنوں انگلش کاؤنٹی ہیمپشائر کیلیے عمدہ پرفارم کر رہے ہیں۔