لاہور (جیوڈیسک) اسلام آباد ، بالائی پنجاب اور کشمیر سمیت مختلف شہروں میں ابر رحمت برس پڑا، موسم سہانا ہونے پر روزے داروں نے سکھ کا سانس لیا ، محکمہ موسمیات نے آئندہ مون سون میں معمول سے بیس فیصد زیادہ بارش کی پیشگوئی کر دی ، پنجاب میں چالیس فیصد اور کراچی میں شدید بارشوں کے چار سے پانچ سپیل ہوں گے ۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل خوب گرجے اور جم کر برسے ، راولپنڈی میں 93 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی ۔ صبح کے وقت موسم معمول پر آگیا ۔
فیصل آباد ، سرگودھا ، گجرات ، شیخوپورہ اور اٹک سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی تیز ہواؤ ں کے ساتھ بارش ہوئی ،مٹی کا طوفان بھی کئی علاقوں میں آیا ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ مون سون میں معمول سے بیس فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ۔ پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں ڈی جی میٹ ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا تھا بارشوں کا زیادہ فوکس سندھ ہو گا ، کراچی میں شدید بارشوں کے چار سے پانچ سپیل ہوں گے ، پنجاب میں 40 فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے ۔
موسم کی خبر دینے والوں نے اگلے دو روز کے دوران پنجاب اور کشمیر میں مزید پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔