اورلینڈو (جیوڈیسک) 50 افراد کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے حملہ آور کی شناخت ہو گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی شناخت عمر متین کے نام سے ہوئی ہے جو پیدائشی طور پر امریکی شہری تھا جبکہ اس کے والد کا تعلق افغانستان سے تھا۔
عمر متین کے والد میر صدیق کا کہنا ہے کہ اپنے بیٹے کے فعل سے پورے ملک کی طرح وہ خود بھی شدید صدمے کی حالت میں ہیں۔ حملہ آور عمر متین کی پیدائش امریکا میں ہی ہوئی اور وہ پورٹ سینٹ لوسی کا رہائشی تھا۔
اس کے والد کا تعلق افغانستان سے ہے، انتیس سالہ عمر متین کی دو ہزار نو میں شادی ہوئی تھی۔۔ میر صدیق کے مطابق دو ماہ پہلے متین کی ملاقات دو ہم جنس پرست مردوں سے ہوئی تھی، تب سے اس کے دل میں ہم جنس پرستی کے خلاف نفرت پیدا ہو گئی تھی۔
دریں اثناء، عمر متین کے والد نے اپنے بیٹے کے فعل پر پوری امریکی قوم سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے فعل سے لاعلم تھے۔
عمر متین کا نام کسی واچ لسٹ میں نہیں تھا تاہم پولیس دہشت گرد تنظیموں سے عمر متین کے تعلقات کی تفتیش کر رہی ہے۔