کراچی : انجمن طلبہ اسلام ضلع کورنگی کے ناظم اسامہ مصطفی اعظمی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے لازمی قرآن کلاسز کا انعقاد قابل تحسین ہے مگر حقیقی معاملہ اسلامی نظام کے نفاذ کا ہے، اس وقت سپریم کورٹ میں ایک کیس دائر ہے جس میں یہ درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان کے آئین میں جب اسلامی نظام کے نفاذ کی تمام شرائط موجود ہیں تو پھر ملک میں اسلامی نظام یعنی نظام مصطفی ۖ نافذ کیا جائے۔
قرآن کلاسز کے ساتھ ساتھ سود خوری اور شراب و شباب پر بھی پابندی لگائی جائے، رمضان آرڈیننس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے، شہر میں کئی مقامات پر کھلے عام شراب کی ترسیل ہورہی ہے، 1973کے آئین میں لفظ مسلمان کی متفقہ تعریف کرنے والے شیخ الحدیث مولانا عبدالمصطفی ہزاروی کے پوتے اور انجمن طلبہ اسلام ضلع کورنگی کے ناظم برادر اسامہ مصطفی اعظمی نے انجمن طلبہ اسلام ملیر ٹائون کے زیر اہتمام کھوکھراپار یونٹ میں درس فکر بعنوان عشرہ رحمت کے فضائل سے خطاب کرتے ہو ئے قرآن و سنت کی ترویج و اشاعت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
نوجوان طلبہ و طالبات کو قرآن کے قریب لانا روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام ملیر ٹائون کے زیر اہتمام کھوکھراپار یونٹ میں درس فکر بعنوان عشرہ رحمت کے فضائل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نعمان کریم انصاری نے کہا کہ عشرہ رحمت اللہ عزوجل کی جانب سے امت کے لئے احسان عظیم ہے،اللہ عزوجل مخلوق کے لئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے اور ہر جمعہ کے دن بنی کلب کی بکریوں کے بال کے برابر جہنمیوں کو جنت کا پروانہ عطا کرتا ہے،عشرہ رحمت کے تین دن رہ گئے ہیں۔
والدین کا نافرمان، شراب پینے والا اور سود خور اس عشرے میں اللہ کی رحمت حاصل نہیں کر سکے گا، انجمن طلبہ اسلام ضلع کورنگی کے جنرل سیکرٹری احمد رضا نورانی نے کہا کہ طلبہ فلاح و بہبود اور طلبہ کی مذہبی تربیت کے لئے رمضان کے آخری عشرے میں ملیر ٹائون کی جانب سے مختلف مساجد میں تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس موقع پر طلبہ کی کثیر تعداد نے دعوت افطار میں شرکت کی۔