کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے شاہ فیصل کالونی نمبر 3 سبزی گلی کی تعمیر کو یقینی بنا دیا ،بلدیاتی اداروں کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کی وجہ سے مذکورہ سڑک گزشتہ کئی سال سے تباہ حالی کا شکار اور عوام کو آمد و رفت میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے سبزی گلی نمبر 3 تا مفاد نسواں اسکول شاہ فیصل کالونی نمبر 2 تک وسیع و عریض شاہراہ پر فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے بعد شاہراہ کی کارپیٹنگ کو یقینی بنا دیا۔
سبزی گلی کے تاجروں اور علاقہ مکینوں نے سڑک کی تعمیر پر اظہار مسرت کرتے ہوئے حق پرست قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے دورہ کرکے سڑکوں کی کارپیٹنگ کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے متعلقہ ذمہ داروں کوہدایت کی کہ سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے تعمیراتی امور کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام استفادہ حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر ایم این اے اقبال محمد علی خان نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ شہر کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ حق پرست قیادت بلدیاتی نظم و نسق سنبھالنے کے بعد شہر کراچی کی تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کرینگے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کریں اور اپنے شہر ،علاقے اور گلیوں کو اون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے ہم اپنے شہر کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنا سکیں۔