اسلام آباد (جیوڈیسک) پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ن لیگ خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود وہ تحریک انصاف سے الیکشن نہیں جیت سکے گی۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت صوبے میں 50 کروڑ درخت لگا چکی ہے۔ 2018 تک ایک ارب 20 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔
انہوں نے پرویز رشید کا نام لئے بغیر کہا کہ وفاقی حکومت کے ڈس انفارمیشن منسٹر کو منصوبے کی تفصیلات بتائی جا سکتی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 25 ہزار کنال اراضی قبضہ مافیا سے واپس لے کر ایک ارب روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کی نقل کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب روپے کے درخت لگا رہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان سات ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔