کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہم پر کوئی برا وقت نہیں بلکہ معمول کا وقت ہے۔ میرا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا چیمبر بالکل ساتھ ساتھ ہے۔
انہوں نے مجھے کھجوروں کا تحفہ بھیجا، جس کا شکریہ ادا کرنے ان کے پاس گیا اور ان سے جھک کر ملا۔ خورشید شاہ سے پارلیمانی کمیٹی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی سے بھی جھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے۔
تبصرہ کرنا بلاول بھٹو زرداری کا حق ہے۔ آئندہ خورشید شاہ سے اور جھک کر ملوں گا۔ پروگرام میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا معاملہ سڑکوں پر لایا جائے۔
عمران خان کی سیاست مردہ، جس سے پوری قوم آشنا ہو چکی ہے۔ عمران خان انتخابات جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، اس لئے پہلے ہی دن سے سڑکوں پر آ کر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ڈکلیئر اثاثوں کےعلاوہ کوئی اور اثاثہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑنے کو تیار ہیں۔