رباط (جیوڈیسک) مراکش میں بنی حسین و جمیل مسجد حسن دوم اسلامی طرز تعمیر کا بہترین نمونہ ہے ، یہاں ایک وقت میں ایک لاکھ نمازی اللہ کے حضور سربسجود ہو سکتے ہیں ۔
مسجد حسن دوم مراکش کی سب سے بڑی اور دنیا کی ساتویں بڑی مسجد ہے ۔ اسلامی فن تعمیر کے طرز پر بنی یہ مسجد خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے ۔
مسجد کا نصف حصہ بحراوقیانوس کی سطح پر ہے ، مسجد کے ہال میں لگے گلاس فلور میں سمندر کا پانی دکھائی دیتا ہے ۔ یہ مسجد کئی جدید سہولتوں سے بھی آراستہ ہے ، جن میں زلزلے سے محفوظ ہونا اور سردیوں میں فرش کا گرم ہونا ہے ۔
مسجد حسن دوم کے مینار کی بلندی 210 میٹر ہے ، یہ 1993 میں مکمل ہوئی ۔ مسجد کے مینار پر لگی سبز رنگ کی لیزر سے مراکش کے مسلمان قبلے کے رخ کا تعین کرتے ہیں ۔ مسجد کی تعمیر مراکش بھر کے 6 ہزار ماہرین کی 5 سال محنت کا ثمر ہے ۔