لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اس کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں بوم بوم آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پشاور زلمی کا کردار قابل تحسین ہے۔ مجھے پشاور زلمی کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔ فرنچائز کا ماحول قابل تحسین ہے جس کو میڈیا کو بھی سراہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ وہ ایک پروفیشنل کرکٹر ہیں۔ پی ایس ایل کی کسی بھی فرنچائز کو اگر ضرورت ہوئی تو اسے اپنی خدمات دینے کو تیار ہیں۔ میں صرف پشاور زلمی تک محدود نہیں ہوں۔
بوم بوم آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں اس وقت پشاور زلمی ٹیم کا حصہ ہوں، لیکن اگر میں کسی اور ٹیم میں گیا تو مجھے پشاور زلمی کے مالک اور چیئرمین جاوید آفریدی کے ساتھ کچھ چیزیں حل کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انھیں گزشتہ دو تین سال سے آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ کے ہر سیزن میں کھیلنے کی آفر موصول ہو رہی ہیں لیکن اپنی انٹرنیشنل کمٹمنٹس کی وجہ سے میں اس آفر سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ لیکن اگر اس سال انھیں بگ بیش لیگ کھیلنے کی دعوت موصول ہوئی تو وہ ضرور کھیلنے جائیں گے۔