تعلیمی بجٹ میں اضافہ خوش آئند لیکن مزید بہتری کی گنجائش باقی ہے: ضمیر جعفری

Zamir Jafri

Zamir Jafri

کراچی : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم ضمیر جعفری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سالانہ بجٹ پر بات کی۔ ضمیر جعفری نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی بجٹ میں اضافہ خوش آئند عمل قرار دیا ہے اور کہا کہ اس میں مزید بہتری کی گنجائش باقی ہے، جس پر وفاق اور پنجاب حکومت کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وقتی ریلیف اچھا ہے پر ان کو مستقل ہونا چاہئے۔ نظام تعلیم کو معیاری اور عام کرنے کے لئے تمام صوبوں میں نئی یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ضلع میں میڈیکل کالج کا ہونا ضروری ہے خصوصا سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان صوبوں نئی یونیورسٹیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی میدان میں پیشرفت میں ہی پاکستان کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے، لہذا حکومت کو پاکستان کو پر امن اور دنیا کے ساتھ شانہ بہ شانہ چلنے کے لئے تعلیمی اداروں اور تعلیم کو معیاری اور عام کرنا ہو گا۔

حکومت کو فیسوں میں کمی کرنا ہو گی تاکہ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری تعلیم جیسے زیور سے آراستہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ 68 سال گزرنے کے بعد بھی پاکستان ناخواندگی کے حوالے سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے مگر اس کے باوجود ارباب اختیار اس تلخ حقیقت کا ادراک نہیں کر پا رہے۔

عالمی قواعد کی رو سے پاکستان کل قومی آمدنی کا کم از کم 4 فیصد تعلیم پر خرچ کرنے کا پابند ہے مگراس کے باوجود اس وقت70 لاکھ بچے پرائمر ی تعلیم اور ڈیڑھ کروڑ بچے ہائی سکول جانے سے محروم ہیں۔