کراچی (جیوڈیسک) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مغرب‘ مسلم دنیا میں پاکستان کو اپنے لئے بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ امریکا و نیٹو اتحاد اپنی معیشت تباہ کرنے کے باوجود بھی ناکام رہے۔
افغان جنگ نے دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ مسلم دنیا میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار امریکا و بھارت کو برداشت نہیں ہے۔ کشمیر کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت کچل نہیں سکتی۔ مسلم مقبوضہ خطوں میں آزادی کی تحریکیں مزید توانا ہوئی ہیں۔
پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں شکست نہیں دی جاسکی، یہی وجہ ہے کہ اب وطن عزیز کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایڈیٹرز و بیوروچیفس کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر مزمل اقبال ہاشمی، ترجمان یحییٰ مجاہد و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مغرب آج اس بات سے پریشان ہے کہ دنیا میں طاقت و اقتدار کا محور مشرق کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔
اہل مغرب جس اقتدار سے محروم ہونے جا رہے ہیں وہ مسلمانوں کے پاس آئے گا۔ اسی لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کی شیرازہ بندی کو ختم کیا جا رہا ہے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ غیروں کی غلامی کا طوق گلے سے اتارنے کے بعد ہی پاکستان ایک خوشحال ملک قرار پائے گا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ مودی پاکستان دشمنی میں مسلسل غلط اقدامات اٹھا رہا ہے۔ وہ اپنے اقدامات کی بدولت بھارت کیلئے گورباچوف ثابت ہوں گے۔ جس طرح گورباچوف نے روس کو شکست خوردہ کردیا تھا، ویسے ہی مودی بھی بھارت کو لے ڈوبے گا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکا‘ پاکستان کو گھیرنے کیلئے بھارت کی بندرگاہیں، اڈے استعمال کرنے کے معاہدے کر رہا ہے۔ بھارت و امریکا نے پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے عالمی سطح پر پاکستان مخالف سازشیں شروع کر رکھی ہیں۔