جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی، راشد نسیم

Rashid Naseem

Rashid Naseem

کراچی : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان نزول قرآن کا ماہ مبارک ہے اور قرآن کے آفاقی پیغام کے غلبے کے لئے جدوجہد رمضان کا مقصود ہے۔ رمضان کے مہینے میں بندے سے زیادہ اللہ بندے کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔

اس لئے زیادہ سے زیادہ اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی معانگی جائے اور خود کو اللہ کی مغفرت اور اس کی جنت کا حقدار بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سندھی ہوٹل سیکٹر 5J میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر زون طارق مجتبیٰ و دیگر بھی موجود تھے۔

اللہ تعالیٰ رمضان المبارک میں مسلمانوں پر بے پناہ مہربان ہوتا ہے اور اپنے بندوں کو اپنی طرف پکارکر ان کی مغفرت فرماتا ہے ۔ ماہ رمضان مسلمانوں کیلئے بیش بہا نعمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے ذریعے اپنے بندوں سے تقویٰ اور للٰہیت چاہتا ہے۔ وہ لوگ کامیاب ہیں جنھوں نے اس بابرکت ماہ میں ایمان و احتساب کے ساتھ روزے رکھے اور قیام اللیل کیا اور اللہ کی رحمت اور مغفرت کے طلبگار رہے۔

رمضان کی طرح پورا سال ہم اسی روش پر قائم رہیں تو ہمارا معاشرہ مثالی معاشرہ بن جائے گا۔ راشد نسیم نے مزید کہا کہ قرآن کا نظام پاکستان کا مقدر ہے، جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی اور کرپٹ اشرافیہ کو اقتدار کے ایوانوں سے بے دخل کرے گی۔جماعت اسلامی کے قیام کا بنیادی مقصد اللہ کے دین کی سربلندی ہے، ہم معاشرے کو تبدیل کرکے ایک ایسا انقلاب لاناچاہتے ہیں جس میں قرآن و سنت کو بالادستی حاصل ہو۔

امن و امان ہو، ہر طرف انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان جن مسائل ومشکلات سے دوچار ہے اس سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو قرآن و سنت کی روشنی میں استوارکریں۔ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کر کے ہم اپنے تمام مسائل و مشکلات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ علماء کرام کومنبر و محراب سے اپنا کردار اداکرنا ہوگا اورایک مخلص دیندار، خدا خوفی رکھنے والی دیانتدار قیادت کو آگے لانا ہوگا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320